کولمبو/چنئی (نیوز ڈیسک) – خلیج بنگال میں پیدا ہونے والا شدید سمندری طوفان ’دتوا‘ سری لنکا میں 153 افراد کی جانیں لے کر اب بھارتی ساحلوں کی طرف بڑھ رہا ہے۔ بھارت کے محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ طوفان آج صبح تامل ناڈو اور پڈوچیری کے ساحلی علاقوں سے ٹکرا سکتا ہے جس سے شدید بارشیں، تیز ہوائیں اور سمندری لہریں اٹھنے کا خطرہ ہے۔
سری لنکا میں خوفناک تباہی
طوفان دتوا نے سری لنکا کے شمالی اور مشرقی اضلاع میں 300 ملی میٹر سے زائد بارش برسائی جس سے بڑے پیمانے پر لینڈ سلائیڈنگ ہوئی۔ حکام کے مطابق اب تک 153 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو چکے ہیں۔ ہزاروں افراد بے گھر ہو گئے جبکہ ملک بھر میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔
بھارت میں الرٹ، پروازیں منسوخ
تامل ناڈو میں چنئی، کڈالور، ناگپٹنم سمیت متعدد ساحلی شہروں میں ریڈ الرٹ جاری کر دیا گیا۔ نشیبی علاقے زیر آب آ گئے، 50 سے زیادہ پروازیں منسوخ اور سکول بند کر دیے گئے۔ این ڈی آر ایف کی ٹیمیں الرٹ ہیں۔
مزید پڑھیں: پاکستان کی جانب سے سری لنکا سیلاب متاثرین کے لیے بڑا امدادی آپریشن شروع
آئندہ چند گھنٹے فیصلہ کن
ماہرین کے مطابق طوفان کی شدت ابھی برقرار ہے اور یہ بھارتی ساحل سے ٹکرانے کے بعد کمزور پڑ سکتا ہے۔ تاہم ساحلی آبادیوں کو فوری انخلا کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ پاکستان کے محکمہ موسمیات نے بھی کراچی اور گورنر ہاؤس سمیت ساحلی پٹی پر موسم کی نگرانی بڑھا دی ہے۔
