اسلام آباد: محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک نیا سلسلہ آج 29 دسمبر کی رات سے ملک کے مغربی حصوں میں داخل ہوگا، جو 30 دسمبر کو مزید مضبوط ہوکر بالائی اور وسطی علاقوں کو متاثر کرے گا۔ اس سلسلے کے زیر اثر بلوچستان، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں وقفے وقفے سے بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری متوقع ہے، جو یکم جنوری تک جاری رہ سکتی ہے۔
بلوچستان میں بارش کا آغاز
محکمہ موسمیات نے بلوچستان کے 23 اضلاع میں 29 سے 31 دسمبر تک بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ کوئٹہ، زیارت، قلات، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، نوشکی، ہرنائی، ژوب، بارکھان، سبی، لورالائی اور موسیٰ خیل سمیت کیچ، گوادر، لسبیلہ، آواران، چاغی، پنجگور، خضدار، واشک اور خاران میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ پہاڑی علاقوں میں ہلکی برفباری کا بھی امکان ہے۔
شمالی علاقوں میں برفباری کی توقع
30 دسمبر سے یکم جنوری تک خیبر پختونخوا کے چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، باجوڑ، مہمند، صوابی اور کوہاٹ میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش جبکہ بالائی علاقوں میں درمیانی سے شدید برفباری متوقع ہے۔ اسی دوران گلگت بلتستان کے دیامر، استور، غذر، اسکردو، ہنزہ، گلگت اور شگر میں بھی بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری رہے گا۔ کشمیر میں وقفے وقفے سے بارش اور درمیانے درجے کی برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں 30 دسمبر سے شدید بارش، گرج چمک اور برفباری کی پیشگوئی
ممکنہ اثرات اور احتیاط
یہ موسمی سلسلہ سیاحتی مقامات جیسے مری، گلیات، ناران اور کاغان میں سڑکوں کی بندش اور پھسلن کا باعث بن سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں اور سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ بارش سے خشک سالی کے اثرات کم ہونے کی امید ہے، مگر کسانوں کو فصلوں کے تحفظ کا خیال رکھنا چاہیے۔
